اسلام آباد: پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں کا وفد لائن آف کنٹرول پر پہنچ گیا ہے جس کو جورا سیکٹر کا دورہ کرایا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے وفد کو خوش آمدید کہا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے پاس چھپانے کےلیے کچھ نہیں ہے، غیرملکی سفیر اورمیڈیا جہاں جانا چاہے جا سکتا ہے۔
غیرملکی سفیروں اور میڈیا کو بھارتی آرٹلری کے گولے بھی دکھائے گئے۔ جنرل آصف غفور نے کہا کہ کیا بھارت بھی اسی طرح میڈیا کو اجازت دے گا؟
بھارت کی جانب سے کیمپ تباہ کرنے کے جھوٹے دعوے کے بعد پاک فوج نے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھی ایل او سی پر جانے کے لیے کھلی دعوت دی گئی تھی اور مبینہ لانچ پیڈ کا محل وقوع بتانے کا بھی کہا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل رات بھر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر رہے اور بار بار پیشکش کے باجود بھارتی سفارتی عملے کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دفترخارجہ نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن سے کوئی اہلکار ایل او سی جانے کیلئے نہیں پہنچا اور مبینہ لانج پیڈ کا محل وقوع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔