لاہور:مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر نواز شریف چوتھے روز بھی سروسز اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جبکہ ان کے بلڈ پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق 10 رکنی میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا آج معمول کا چیک اپ کیا ہے جس سے معلوم ہوا کہ ان کے پلیلیٹس میں ابھی بھی کمی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو آئی وی آئی جی کا انجیکشن دیا گیا ہے جبکہ ان کے جسم پر چھوٹے چھوٹے نیلے دھبے رونما ہوئے ہیں۔
میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تشخیص کے مطابق نواز شریف کو آئی ٹی پی کی بیماری لاحق ہے جس سے جسم میں موجود سفید خلیے کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں جبکہ نئے پلیٹ لیٹس بھی نہیں بنتے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سمیت میڈیکل بورڈ میں 4 ڈاکٹرز کا اضافہ کیا گیا تھا۔
ڈاکٹرعدنان کو نوازشریف کی میڈیکل ہسٹری میں معاونت کے لیے بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ حکومت پنجاب کی جانب سے کراچی سے بلائے گئے بون میرو اسپیشلسٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کوبھی بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔