چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار لیگی نائب صدر مریم نواز کی فوری درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، آج اسپیشل پراسیکیوٹر نیب جہانزیب بھروانہ عدالت کے رو برو پیش نہ ہوئے۔
جس پر نیب کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، قومی احتساب بیورو کی جانب سے تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے ساتھ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔
جس پر مریم نواز کے وکیل نے عدالت کے رو برو استدعا کی کہ ہمیں آج بحث کرنے دیں تاکہ کیس کی کچھ تصویر سامنے آجائے،جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پراسیکیوشن کے سامنے نیب کے جواب پر آپ بحث کی جائے۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔