اسلام آباد: سندھ کے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا دباو کم ہونے سے ایک اور طوفان پیدا ہوگیا ہے جسے’ماہا ‘ کانام دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شدید سمندری طوفان ’کیار‘ کے خاتمے سے قبل ہی ایک اور طوفان تشکیل پاگیا ہے جب کہ ایک طوفان جنوبی چین کے سمندر میں بھی موجود ہے۔
پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں اٹھنے والے نیا طوفان’ ماہا’ بھی ’کیار‘ کے نقشِ قدم پر چلے گا اور اس کا رخ بھی عمان اور یمن کے ساحلوں کی طرف ہوگا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق ایک ہی وقت میں ایک علاقے میں 3 طوفانوں کی موجودگی موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب ہے جو مستقبل میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندروں کا درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے طوفانوں کی تشکیل بھی بڑھ گئی ہے۔
خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں’کیار’ کے سبب کراچی اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا تھا۔