چودھری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر آج فیصلہ سنائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چودھری شوگر ملز میں اپنی رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر آج کیلئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست ضمانت میں مریم نواز نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ مرکزی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے ، فیصلے تک فوری رہائی دی جائے۔ جبکہ اس سلسلے میں نیب نے مریم نواز کی درخواست پر تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا تھا اور عدالت نے نیب کے جواب کا جائزہ لینے کے لیے مریم نواز کے وکلاکو مہلت دی تھی۔
بعدازاں نیب کے وکیل نے مریم نواز کے وکلاء کے دلائل کے جوابات دیے۔نیب وکیل نے مریم نواز کی انسانی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔ سماعت مکمل ہونے پر لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اپنے کزن یوسف عباس کے ہمراہ چودھری شوگر ملز ریفرنس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جبکہ8 اگست کو نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اوران کے کزن یوسف عباس کو گرفتار کیا تھا۔نیب نے انکشاف کیا کہ شریف فیملی نے چودھری شوگر ملز کو منی لانڈرنگ اور اپنے حصص کی غیر قانونی منتقلی کے لئے استعمال کیا تھا۔