غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم اسکروٹنی کمیٹی میں واپس آگئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل پر اعتراض اٹھایا تھا،اعتراض کے بعد مذکورہ وکیل کیلئے وکالت جاری رکھنا ممکن نہ تھا اب نئے وکیل کے ساتھ اسکروٹنی کمیٹی میں پیش ہوں گے۔
تحریک انصاف نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن کو جواب تحریر کرتے ہوئے بتایا کہ اسکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ نہیں کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ اسکروٹنی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے جاری پراپیگنڈے کا بھی جواب دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو نوٹس جاری کیا تھا،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں وضاحت مانگی گئی تھی کہ پی ٹی آئی بتائے کہ اس کا غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم اسکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ مستقل ہے یا صرف 23 اکتوبر کے لیے تھا۔