سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے انسداد منشیات عدالت میں ضمانت پر رہائی کی درخواست ضمانت دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں مستقل جج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ نے اپنی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کردی ہے۔
فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے انسداد منشیات عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں رانا ثنااللہ نے موقف اختیار کیا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی فوٹیجز کے بعد ہمارا موقف درست ثابت ہوا ہے لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سیشن جج شاکر حسن کو انسداد منشیات عدالت کا جج تعینات کرکے ان کو آٹھ نومبر تک نئے عہدے کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کی تھی۔
انسداد منشیات عدالت کے نئے جج شاکر حسن ہی عہدہ سنبھالنے کے بعد راناثنااللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے۔