پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے صارفین کی سہولت کے لیے فلائٹ بُکنگ ایپلی کیشن متعارف کرا دی۔
پی آئی اے نے موبائل ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی ’ہٹ اٹ‘ کے تعاون سے بنائی ہے، ایپ صارفین کو فلائٹ بُکنگ کے علاوہ فلائٹ کے اسٹیٹس، فلائٹ کے اوقات کار اور بُکنگ کے حوالے سے دیگر معلومات بھی فراہم کرے گی۔
اس اسمارٹ فون ایپ کا سائز 26 ایم بی ہے جسے اینڈرائڈ 4.1 اور اس سے زائد کے صارفین اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
یہ ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی کی پاکستان انٹرنیشل ائیرلائن کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے کی تقریب کے موقع پر متعارف کرائی گئی۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکیوٹو آفیسر ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ہٹ اٹ نے کمپنی کو آمدنی پیدا کرنے میں مدد کی ہے، ہم ترکی کی آئی ٹی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر ترکش کمپنی کے سی ای او نور گوکمین کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے مابین شراکت داری بہت آگے تک جائے گی اور یہ دونوں کمپنیوں میں خوشحالی لائے گی۔