ملک بھر کی طرح شہرقائد میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں
شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔سرکار دو جہاں محمد مصطفی ﷺکی ولادت با سعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا۔
آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسے میں شہر بھر کی مساجد ،عمارتوں اور شاہراﺅں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے۔
بڑی عمارتوں پر چراغاں جبکہ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر خصوصی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ عصر حاضر میں نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔
آپﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔علاوہ ازیں سندھ حکومت کی جانب سے بارہ ربیع الاول کے موقع پر صوبے میں سیکیورٹی کے پیش نظر اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں 12ربیع الاول کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، امکان ہے کہ اس دوران شہر بھر میں موبائل فون سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔