احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں آئندہ سماعت پر نوازشریف اور مریم نواز کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کی،جہاں مریم نواز اور یوسف عباس عدالت پیش ہوئےجبکہ نوازشریف کی جانب سے طبی بنیادوں پر ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔
سماعت کے آغاز پر سرکاری وکیل نے نواز شریف کی حاضری معافی کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ نوازشریف ہسپتال میں نہیں اور درخواست کے ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں لگایا گیا۔
اس پر نوازشریف کے وکیل نے بتایا کہ پراسیکیوشن نے یہ تو بتایا نہیں کہ ریفرنس کب دائر کر رہے ہیں مگر حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کر دی ہے۔
دوران سماعت عدالت نے مریم نواز سے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کروائے،عدالتی استفسار پر وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے،جس کی اصل کاپی کورٹ میں جمع ہے۔
عدالت نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ آپ ضمانت دے رہی ہیں کہ عدالت میں پیش ہونگی جس پر مریم نے کہا کہ حکم کی تعمیل کروں گی، آج بھی میاں صاحب کو چھور کر آنا مشکل تھا،عدالت کا احترام کرتی ہوں جبکہ عدالتی استفسار پر نیب پراسکیوشن نے بتایا کہ کیس کا ریفرنس جلد ہی عدالت میں دائر کردیا جائے گا۔