کراچی ،خانیوال اور پنجگور میں ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں موٹروے پر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم ہوا، حادثے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب پنجگور کے علاقے سرسنڈ کے قریب 2 گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جھلسنے کے باعث جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت نہ ہوسکی۔
ادھر کراچی کے علاقے شارع فیصل نرسری کے قریب 2 گاڑیوں میں تصادم ہوا، حادثے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے خانیوال کے قریب ٹریفک حادثے میں اموت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے حادثے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔