تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی ہے، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اننگز کا آغاز امام الحق اور کپتان بابراعظم نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا اور صرف 15 رنز پر کپتان بابراعظم 6 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر آوٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر ون ڈاؤن آنے والے محمد رضوان بھی بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 22 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث سہیل تھے جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے جب کہ 69 کے مجموعی اسکور پر ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔
قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا سوائے افتخار احمد کے جنہوں نے 45 رنز بنائے، عماد وسیم بھی صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ شاداب خان ایک رن ہی بناسکے، قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 106 رنز ہی بناسکی۔
قومی ٹیم نے صرف 107 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے کیا۔
دونوں اوپنرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کا 107 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 11.5 اوورز میں پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 48 اور ایرون فنچ نے 52 رنز بنائے۔