پاکستان نے بھارت کو اسموگ پرقابو پانے سمیت فصلوں کی باقیات کے لئے پاکستان کی تیارکردہ مشین کی پیشکش کردی۔
وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسموگ پرقابو پانے سمیت فصلوں کی باقیات کے لئے پاکستان کی تیارکردہ مشین کی پیشکش کی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر لیبارٹری میں وہ خاص مشین تیارکی گئی ہے، اس مشین میں فصلوں کی باقیات مڈی سے بلٹس بنتی ہیں اوریہ بلٹس جلانے کے کام آتی ہیں اس سے کوئلے سے 60 فیصد کم دھواں بنتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ لاہورمیں جو اسموگ کا مسئلہ ہے وہ بھارت کی وجہ سے ہے، جالندھر اور امرتسر میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر جلایا جاتا ہے، فصلوں کوجلانے سے اسموگ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، بھارت ہم سے یہ مشین لے لے، اس سے جالندھر، دہلی اورلاہور میں اسموگ کم ہو جائے گی کیونکہ اسموگ کی وجہ سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے چاہے وہ دہلی کا ہو یا لاہور کا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے سائنسدان بھی اس معاملے پرتعاون کے لئے تیارہیں، دعا کریں وہ سمجھ جائیں ہم نے تو انہیں سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ اللہ عقل دے مودی سرکارنے آج تک ایک بھی معاملے میں عقل کا مظاہرہ نہیں کیا۔