تھر کے مختلف دیہاتوں میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 6 خواتین سمیت 25 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔
صحرائے تھر کی مختلف تحصیلوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئےاور 24 گھنٹوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی۔
سب سے زیادہ نقصان ڈابھی، ڈاہلی اور موکیار نامی دیہات میں ہوا، جہاں 8 افراد جاں بحق جب کہ 61 مویشی ہلاک ہوئے۔ آسمانی بجلی کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہانے والوں میں 6 خواتین شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے ساتھ ہی ڈاکٹرز اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی ڈیسک قائم کردی گئی ہے۔