لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ سے نواز شریف کی ضمانت منظور ہوچکی۔ وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل سے نہیں نکالا۔ عدالت نے نام ای سی ایل سے نکالنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت نے جواب جمع کرا دیا؟ جس پر وکیل نے کہا وفاقی حکومت نے کمنٹس جمع کرا دیئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ جواب کی ایک کاپی درخواستگزار کے وکیل کو بھی دے دیں۔ جواب پڑھنے کیلئے وقت لینا چاہتے ہیں تو لے سکتے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا کہ نواز شریف کو جرمانہ ہوا تھا، اسی کے برابر بانڈز مانگے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس کو بعد میں دیکھیں گے۔ پہلے یہ دیکھ لیں کہ اس کی سماعت کرسکتےہیں یا نہیں۔