ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بھارتی اثرورسوخ پر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے ڈیوس کپ مقابلے پاکستان سے باہر منتقل کرنے پر ایونٹ کا بائیکارٹ کردیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے نام احتجاجی خط میں ستارہ امتیاز پانے والے اعصام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کو جواز بناکر ڈیوس کپ ٹائی کو کسی دوسرے ملک میں منتقل کرنا قابل افسوس ہے۔ پاکستان میں ہزار بھارتی کرتار پور راہداری اور دوسرے مختلف مقامات پر آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں، کسی بھارتی کو سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں۔
اعصام الحق نے کہا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم لاہور میں کھیل چکی ہے، بنگلا دیش کی ٹیمیں مختلف شہروں میں کھیل چکی ہیں، برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد اور لاہور کی سیر کرچکا ہے، ہالینڈ کی وزیر اعظم پاکستان آرہی ہیں، ایسے میں آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے کہنے پر مقابلے بیرون ملک منتقل کردینا پاکستانی عوام سے زیادتی ہے۔
ٹینس اسٹار نے خط میں کہا کہ اگر ڈیوس کپ ٹینس ٹائی نیوٹرل مقام پر کرانے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو اس ایونٹ میں شرکت نہیں کروں گا، ہمیشہ پاکستان کی عزت اور نیک نامی کے لیے کھیلا ہوں اس لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے اس دہرے معیار اور بھارتی دوستی رویے پر آواز بلند کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ ڈیوس کپ مقابلے 29 نومبر سے اسلام آباد میں ہونا تھے جس میں بھارتی ٹیم کو یہاں آکر کھیلنا تھا تاہم آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے دباؤ پر اسے اب نیوٹرل ملک میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔