وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک بار پھر نواز شریف کو باہر بھیجنے کے طریقہ کار پر اختلاف کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف کے جانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن جس طریقے سے ان کو بھیجا گیا اس پر اختلاف ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو والوں کی تحریک اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو شدید دکھ پہنچا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے جانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن جس طریقے سے ان کو بھیجا گیا اس پر اختلاف ہے، اس فیصلے کے بعد ان ہزاروں قیدیوں کا کیا قصور ہے جو علاج کیلئے باہر جانا چاہتے ہیں،عام آدمی کا اس معاملے پر تاثر ٹھیک نہیں ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک روانگی کے وقت جہاز میں بیٹھنے کیلئے جس طرح بھاگ کر سیڑھیاں چڑھے لگتا ہے ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ان کی طبعیت بہتر ہوئی ہے، نواز شریف کی واپسی کیلئے لگتا ہے اب چلے کاٹنے ہونگے، کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ واپس آئینگے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ مجھے کیوں نکالا سے خدا کیلئے مجھے نکالو کا سفر اب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
“مجھے کیوں نکالا “سے “خدا کیلئے مجھے نکالو” کا سفر اب اختتام کی طرف بڑہ رہا ہے۔ ایسی لیڈر شپ جب ووٹ کیلئے عزت مانگتی ہے تو دراصل جمہوری نظام کا مذاق بنتا ہے۔ مجھے مسلم لیگ ن کے ان ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات کھجل خراب ہوتے رہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 19, 2019
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسی لیڈر شپ جب ووٹ کیلئے عزت مانگتی ہے تو دراصل جمہوری نظام کا مذاق بنتا ہے مجھے مسلم لیگ (ن) کے ان ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات کھجل خراب ہوتے رہے۔