ثنا میر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے آرام لینے کا اعلان کردیا ہے، وہ آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں شرکت نہیں کریں گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی اس سیریز کے 3 ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ اس دورے میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔
ثنا میر کا کہنا ہےکہ فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لے رہی ہوں، اس بنا پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں، اس وقفے میں مجھے اپنے اگلے اہداف ترتیب دینے میں ملے گی۔ میری نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں، دعا گو ہوں کہ کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی دکھا کر ملکی پرچم بلند کریں۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 21 نومبر سے کراچی میں شروع ہورہا ہے، قومی ٹیم کا اعلان 27 نومبر کو ہوگا۔ ٹیم 30 نومبر کو کوالالمپور کی اڑان بھرے گی۔ ون ڈے میچز 9، 12 اور 14 دسمبر کوطے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز 17 ، 19 اور 20 دسمبر کو شیڈول ہیں۔