مرکزی انجمن اخبار فروشوں کا اخبارات کے اسٹالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔
مرکزی انجمن اخبار فروشوں کراچی کا اجلاس زیر صدارت محمد اقبال نون کے ہوا اجلاس میں جنرل سیکریٹری عبدالحمید ڈاڈا، فیڈریشن کے نائب صدر عبدالستار کارساز، شفیق بھائی، ناصر نثار شامل تھے۔
اجلاس میں شہر بھر سے اسٹال ہولڈرز اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کی آڑ میں پولیس نے اخبار فروشوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ، اخبارات کے اسٹالوں کی توڑ پھوڑ اور اخبار فروشوں کی گرفتاریوں کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کی گئی ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی اور سی پی این ای کو اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا لیکن افسوس اخبار فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کم ہونے کے بجائے بروز بدھ کو جاری آپریشن کے دوران قائد آباد، ملیر میں اخبارات کے اسٹالوں کو مسمار کردیا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہر بھر میں قائم تمام اخبارات کے اسٹال بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں اگر پھر بھی مالکان اخبارات اور انتظامیہ نے ہماری داد رسائی نہ کی تو دوسرے مرحلے میں شہر بھر میں تمام اخبارات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور جلد ہی سندھ بھر میں احتجاجی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔