نسیم شاہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹرز کی فہرست میں نام درج کرا دیا، برسبین کے میدان میں اترتے وقت ان کی عمر16سال 278دن ہے جب کہ نوجوان پیسر نے توقعات کا دباؤ لیے بغیر عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کردیا۔
نسیم شاہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹرز کی فہرست میں نویں نمبر پر اپنا نام درج کرائیں گے، اس سے قبل پاکستان کے ہی حسن رضا نے صرف 14 سال اور 227 دن کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا، دوسرے نمبر پر مشتاق احمد نے ڈیبیو کیا تو وہ 15سال 124دن کے تھے، تیسرے نمبر پر بنگلہ دیش کے محمد شریف نے 15 سال اور 128دن کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
پاکستانی عاقب جاوید 16سال اور 189دن، بھارتی سچن ٹنڈولکر 16سال اور 205دن، پاکستانی آفتاب بلوچ 16سال اور 221، بنگلہ دیشی طلحہٰ زبیر 16سال 223دن، پاکستان کے نسیم الغنی 16سال 223دن کی عمر میں ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بن گئے تھے، نسیم شاہ 16سال اور 278دن کی عمر کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہوں گے، آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر کا اعزاز بھی انھیں حاصل ہوجائے گا۔
برسبین میں ایک انٹرویو کے دوران نسیم شاہ نے کہا کہ میں عبدالقادر اکیڈمی کی جانب سے انڈر16 کرکٹ کھیلنے کے بعد بتدریج آگے آیا، وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کی ویڈیوز دیکھتا ہوں۔ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ بہترین بیٹسمین ہیں لیکن کسی دباؤکا شکار ہونے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کے مطابق بولنگ کی کوشش کروں گا۔
انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کا موقع ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، توقعات کے بوجھ تلے دبنے کے بجائے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کروں گا، نسیم شاہ نے کہا کہ بولنگ کوچ وقار یونس کنڈیشنز کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ان کی رہنمائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے کیلیے تیار ہوں۔