آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابرآلود، بارش اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعه کے روز ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے تاہم بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ شمالی بلوچستان ، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس دوران بلوچستان کے بعض اضلاع میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بونداباندی/ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم ابرآلود اور سرد رہا تاہم ، شمالی بلوچستان ، بالائی خیبر پختونخوا ، بالائی پنجاب گلگت بلتستان،اسلام آباد اور کشمیر کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔