وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرسی بچانے نہیں تبدیلی لانے آیا ہوں، ملک میں تبدیلی اس لیے نہیں آتی کیونکہ ہرادارے میں مافیا لوٹنے کے لیے بیٹھ جاتا ہے۔
میانوالی میں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی اس لیے نہیں آتی کیونکہ ہر ادارے میں مافیا لوٹ مار کے لیے بیٹھ جاتا ہے، کرسی بچانے نہیں تبدیلی لانے آیا ہوں، ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے دکھاؤں گا، ڈیل کی تو ملک سے سب سے بڑی غداری ہوگی، مافیا کو شکست دیں گے تو تبدیلی آئے گی، مافیا بچ گیا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کنٹینر پر جو بے روزگار سیاست دان آئے تھے وہ پاکستانی معیشت کی بہتری سے اور اپنی سیاسی دکانیں بند ہونے پر خوفزدہ ہوگئے تھے، انہوں نے جو ملک کے ساتھ کیا تھا اس پر آگے جاکر پھنسنا ہی ہے جب کہ فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے، ہم نے سب چوروں سے پیسہ واپس نکالنا ہے، اس لیے سب اکٹھے ہوگئے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ جب نوازشریف کو لندن روانگی کے لیے جہاز پر چڑھتے دیکھا تو حیران رہ گیا اور پھر ڈاکٹرز کی رپورٹ یاد آ گئی کہ یہ اتنی بیماریوں کے باوجود بھی یہ مریض ایک دم کیسے ٹھیک ہوگیا۔ اس مریض کی توکڈنی بھی خراب ہے، شوگر بھی بڑھی ہوئی ہے، نواز شریف کو لندن کی ہوا لگی یا صرف جہاز دیکھ کر ہی ٹھیک ہوگئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب 2018 کے انتخابات کے بعد پاکستان ملا تومسائل بہت تھے، ہماری حکومت کو ہر شعبے میں تاریخی خسارہ ملا، ہم امپورٹ زیادہ کررہے تھے اورایکسپورٹ کم کررہے تھے جس کے باعث ہمارے روپے کی قدرگرتی گئی تاہم پچھلے 4 ماہ میں ہمارا خسارہ کم ہوا جس کے باعث روپے کی قدرمیں اضافہ ہوا، ہمارا راستہ اب ٹھیک ہوگیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے نظام بدلنا ہے، چاہے عمران خان ہو نہ ہو ایسا نظام ہونا چاہیے جو خود چلتا جائے اور عوام کی مدد کرے، نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں اور چند ماہ میں الیکشن ہونے والے ہیں، نوجوانوں کو غلط اطلاعات دی جارہی ہیں کہ ملک تباہ ہوگیا اور کنٹینر پر سب چڑھ گئے، مہنگائی ہماری وجہ سے نہیں ہوئی، پچھلی حکومت بہت بڑا خسارہ چھوڑ کر گئی تھی جس سے روپیہ سستا ہوا اور مہنگائی بڑھی جس کے نتیجے میں ڈالر 250 اور 300 تک جاسکتا تھا۔