محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیرکے اضلاع اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں آج صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد کے چند علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم راولپنڈی، جہلم، نارووال، گجرات اور سیا لکوٹ کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم چند علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہو سکتا ہے۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف رہے گا۔ شہر کا درجہ حرارت صبح کے وقت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو
زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ کراچی میں آئندہ چند روز میں سردی کی لہر میں اضافہ متوقع ہے۔
ہفتے کے روز خبرپختونخوا کے اضلاع بونیر، چترال، لوئر دیر، اپر دیر، مالاکنڈ، شانگلہ، سوات، صوابی اور چترال میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے تاہم صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔