سپریم کورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ خیبر پختونخوا حکومت کے حالات سنگین ہو چکے ہیں، ہمیں تو لگ رہا ہے کہ صوبائی حکومت دیوالیہ ہو جائے گی۔
سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں فاضل بینچ نے محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے ملازم احمد سعید کی تنخواہ کے حصول کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ کیا جس وقت کی تنخواہ کا آپ تقاضا کر رہے ہیں اس وقت آپ نے کام کیا ہے؟، جس پر احمد سعید کے وکیل نے کہا کہ کچھ عرصہ کیا ہے اور کچھ عرصہ نہیں لیکن ہائی کورٹ نے واضح احکامات ہیں کہ تنخواہ دی جائے۔
جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ جب کام نہیں کرتے تو تنخواہ کیوں مانگتے ہیں، معلوم نہیں کہ پشاور ہائی کورٹ کیا کررہی ہے، ہمیں ان کے احکامات کی سمجھ نہیں آرہی۔ عدالت نے احمد سعید کی درخواست خارج کردی۔
دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے حالات سنگین ہو چکے ہیں، موجودہ حالات میں خبیر پختونخوا حکومت دیوالیہ ہونے کی نوبت بن چکی ہے، ہمیں تو لگ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دیوالیہ ہو جائے گی۔