پاکستان نے سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے لیے بھارتی اہلیت پر سوالات اٹھادئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیراکرم کا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتا ہے، قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والا ملک سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکنیت کا بھی اہل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقل رکنیت کے خواہشمند کس بنیاد پر دیگر سے زیادہ استحقاق مانگ رہے ہیں، مغلوب عوام کے حقوق سلب کرنے والا عالمی امن کا ضامن کیسے ہوسکتا ہے؟
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ خطے میں نو لاکھ فوج کے ساتھ دہشت پھیلا رہا ہے، اس نے 80 لاکھ افراد پر 100 سے زائد روز سے کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلط کر رکھا ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، اپنے ملک کی اقلیتوں کے ساتھ بھی یہی کر رہا ہے۔
منیراکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں رکنیت کے لیے ممالک کی طاقت کونہ دیکھا جائے، رکنیت کے خواہش مند ملک کی عالمی امن کے لیے کوشش کو دیکھنا چاہیے، اصلاحات پر پاکستانی موقف عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔