پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر ہوم سیریز ملک میں کھیلنے کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہےکہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز سمیت پاکستان کوئی بھی سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ابتدائی شیڈول بنگلا دیش کرکٹ بورڈکو ارسال کردیاگیاہے۔ سیریز کے آغاز میں پہلے ٹیسٹ میچز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسرے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔اس حوالےسے دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ چند روز تک اس شیڈول پر مزید پیش رفت ہوگی۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد لاہور اور کراچی کے وینو کا جائزہ لے چکاہے،بنگلا دیش کی ویمن اور انڈر16 بوائز ٹیم پاکستان میں کھیل چکی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق اب سیریز کو دو حصوں میں الگ الگ مقام پرکرانا ممکن نہیں۔پی سی بی پاکستان سپرلیگ سمیت اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں کھیلنے کی پالیسی بناچکاہے،جس کو اب بدلنا ممکن نہیں۔
بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اور اگر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ ٹیسٹ میچز کھیلنے نہیں آتا توپھر اسے پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔