پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا معرکہ کل سے شروع ہو گا۔ ایڈیلیڈ اوول میں پنک بال سے ڈے نائٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اظہرعلی الیون کو سیریز برابر کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ ٹیم میں امام الحق اور محمد عباس کی شمولیت یقینی، کاشف بھٹی اور محمد موسٰی بھی ڈیبیو کر سکتے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا معرکہ کل سے ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہو رہا ہے۔ میچ مصنوعی روشنیوں میں گلابی گیند سے ڈے نائٹ کھیلا جائے گا۔ فلڈ واشنگ تیکنیک سے تیارکردہ گیند پورے 80 اوورز تک رنگ برقرار رکھے گی۔ آسٹریلیا ہوم گراؤنڈ پر تمام 5 ڈے نائٹ ٹیسٹ جیت چکا ہے۔ پاکستان فلڈ لائٹس میں آسٹریلیا اور سری لنکا سے ہارا جبکہ ویسٹ انڈیز کو شکست دینے میں کامیاب ہوا۔
برسبین میں میزبان کینگروز ٹیم نے اننگ اور 5 رنز سے فتح حاصل کی اور پاکستان کو سیریز برابر کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ اظہرعلی الیون نے دو روز بھرپور پریکٹس میں خامیاں دورکرنے کی کوشش کی ہے۔ ٹیم میں دو تبدیلیاں یقینی ہیں۔ حارث سہیل اورعمران خان کی جگہ اوپنر امام الحق اورمحمد عباس کی واپسی ہوگی۔ نسیم شاہ اور افتخار احمد کی جگہ محمد موسٰی اور لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔ تمام کھلاڑی دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر نے اننگ سے پہلا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی ضروری ہوئی تو کریں گے۔