اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 خواتین سمیت 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے جدہ جانے والی نجی ایئر لائن کی فلائٹ سے 3 مسافروں کو گرفتار کرکے ان کے سامان سے چار کلو 400 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ برآمد کی جانے والی ہیروئن کی مالیت کم از کم 5 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں نے ہیروئن اپنے بیگز کے مختلف حصوں میں چھپائی ہوئی تھی ، مسافروں میں شیر زمان، اقبال بانو اور اختر پروین شامل ہیں جنھیں اے این ایف نے حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے مسافروں کا تعلق خوشاب، بھکر اور میانوالی سے ہے۔