پاکستان پیپلز پارٹی آج اپنا 52 واں یوم تاسیس منارہی ہے، اسی سلسلے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق 52ویں یوم تاسیس کے موقع پر پیپلزپارٹی نے مظفرآباد میں پنڈال سجایا ہے،یونیورسٹی گراونڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے، چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جلسہ سے خطاب کریں گے۔
یوم تاسیس کے جلسے میں شرکت کے لئے کارکنان کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ جلسہ گاہ کی حفاظت کیلئے پولیس اور انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کی باون سالوں پر محیط جدوجہد سے غیرمتزلزل طور ثابت قدم رہنے کا عزم کرتا ہوں،عدم مساوات کے خاتمے تک عوامی حقوق اور ان کے مینڈیٹ کیلیے لڑوں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ یوم تاسیس مظفر آباد میں منانے کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ کشمیر پیپلزپارٹی کااساسی ایشوہے، پی پی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتی رہے گی۔