امریکا ميں شديد سردی اور برفانی طوفان نے 7 افراد کی جان لے لی، تھینکس گیونگ ڈے مناکر گھروں کو جانیوالے ہزاروں افراد ایئر پورٹس اور سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، کئی ریاستوں میں ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔
امریکا کی 30 رياستوں ميں اتوار کو برفانی طوفان کی پيش گوئی کی گئی تھی، پنسلوینیا، نیویارک، بوسٹن کنیکٹیکٹ اور نيو جرسی سمیت کئی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کچھ مقامات پر ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شدید ترین برفانی طوفان کے باعث کئی شہروں میں پروازیں معطل ہیں، تھینکس گیونگ ڈے منانے کیلئے نکلنے والے ہزاروں افراد ایئرپورٹس اور سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں اپنے گھروں کو پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسميات کے مطابق برفانی طوفان کا زور آج رات تک ٹوٹنے کا امکان ہے، تاہم ساڑھے 12 کروڑ افراد طوفان کی زد میں ہیں، ہزاروں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ درجنوں منسوخ ہوچکی ہیں۔
امریکا میں شدید سردی، برفباری، بارش اور طوفان کے باعث پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سلسلہ جاری ہے، کئی ریاستوں میں اسکول بھی بند کردیئے گئے ہیں۔