تحریک انصاف کے سینیئر رہنما حامد خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی مفاد پرست، لینڈ مافیا، شوگر مافیا اور کرپٹ مافیا مجھے پارٹی سے نہیں نکال سکتا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینیئر رہنما حامد خان نے پارٹی کی جانب سے دئیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا ہے۔
شوکاز نوٹس کے جواب میں حامد خان کا کہنا تھاکہ یکم دسمبر کو میڈیا کے ذریعے شوکاز نوٹس کا پتہ چلا اس لئے جواب بھی میڈیا کے توسط سے ہی دے رہا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اظہار وجوہ کا نوٹس سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ پر شیئر کیا گیا جو بدنیتی پر مبنی فعل ہے۔
اپنے جواب میں مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عامرمحمود کیانی سے سوال کیا کہ شوکازنوٹس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ میں نے پارٹی چیئرمین کے خلاف کب اور کہاں بات کی؟یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ میری وجہ سے پارٹی کو کیا نقصان پہنچا؟اظہار وجوہ کا نوٹس دیئے بغیر ہی پارٹی رکنیت معطل کی گئی جس کو چیلنج کروں گا۔
حامد خان نے کہا کہ کوئی بھی مفاد پرست، زمین پر قبضہ کرنے والا، شوگر اور کرپٹ مافیا مجھے پارٹی سے نہیں نکال سکتا،میری آواز پارٹی ورکرز کی آواز ہے،میں پارٹی ورکرز کو شیطانی قوتوں کا نشانہ بننے نہیں دوں گا۔
یاد رہے کہ دو دسمبر کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے سینئر و ناراض رہنما حامد خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق حامد خان نے میڈیا میں پارٹی پر غلط الزام لگائے اور پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔