پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ تقریب آج لاہور میں ہوگی، پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کون سا کھلاڑی کس ٹیم کا حصّہ بنے گا فیصلہ آج ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ کے چاہنے والوں کو پانچویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا بے صبری سے انتظار تھا، پی ایس ایل کی 6 ٹیمیں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ کیٹگریز سے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔
کھلاڑی بھی پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کیلئے پرجوش ہیں، پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور، ایمرجنگ اور سپلیمنٹری کیٹگریز سے کھلاڑیوں کا چناؤ ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بننے والے پلیئرز کو ڈیڑھ لاکھ سے لیکر ڈھائی لاکھ ڈالرز تک معاوضہ دیا جائیگا۔
پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن اگلے سال فروری مارچ میں چار شہروں میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کےلیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگی، اس دوران پلاٹینم کیٹیگری میں مجموعی طور پر 7 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جس میں سب سے پہلا انتخاب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کرے گی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز دونوں جیسن رائے کو منتخب کرنے کےلیے پُرجوش ہیں جبکہ لاہور قلندرز کولن انگرم یا کرس لین کا بھی چناؤ کرسکتی ہے۔ پلاٹینم کیٹیگری میں تیسری باری ملتان سلطانز، چوتھی اسلام آباد یونائیٹڈ اور پھر کراچی کنگز کی ہوگی۔ جببکہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور کے پاس ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری پہلے ہی موجود ہیں۔
ڈائیمنڈ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں پشاور زلمی پھر اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور آخر میں ملتان سلطانز کھلاڑی منتخب کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ سے قبل ہی کراچی کنگز کے ساتھ کرکٹ کے بڑے بڑے نام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے 22 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگ ایک بار پھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔