دنیا بھر کی طرح آج پاکستان میں بھی عالمی یوم انسداد بدعنوانی منایا جارہا ہے، اس سال دن کا موضوع ہے ہم بدعنوانی کے خلاف متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ دن بدعنوانی کے خلاف عالمی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتاہے اور تمام حکومتوں پر زور دیتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف اتحاد کامظاہرہ کریں،اس سال دن کاموضوع ہےہم بدعنوانی کے خلاف متحد ہیں۔
اس دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ جب سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ملک میں بد عنوانی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، نیب کی ذاتی کاوشوں سے میگا کرپشن کیسوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے، بدعنوانی سے پاک پاکستان ہمارا ایمان ہے، پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے۔ چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے، ملک کو کرپشن سے پاک کرنےکیلئے پوری قوم نیب کا ساتھ دے، پاکستان کو کرپشن سے پاک کرکے دم لیں گے۔
اپنے بیان میں چئیرمین نیب نے بتایا کہ گزشتہ 25 ماہ میں 153 اروب روپے کی لوٹی ہوئی رقم ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی ہے، ادارہ احتساب سب کا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
جسٹس جاوید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نیب پاکستان کی واحد اینٹی کرپشن ایجنسی ہے جس کی انسداد بد عنوانی کی کاوشوں کو اقوام متحدہ سمیت دنیا کے کئی ممالک نے سراہا ہے۔دوسری جانب اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریز نے دنیابھرمیں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے جدت پرمبنی اقدامات پرکام جاری رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ قیمتی وسائل لوگوں کے لئے استعمال کئے جائیں۔