کراچی: سندھ میں طلبہ تنظیمیوں کی بحالی کیلئے بل صوبائی اسمبلی میں آج پیش کیا جائے گا۔
مجوزہ بل کے مطابق طلبہ کو یونین سازی کےساتھ فیصلہ سازی کا اختیاربھی دیا جائے گا ان کے الیکشن ہر سال ہوں گے۔ جامعات منتخب طلبہ یونین کے ایک نمائندے کو سنڈیکیٹ، سینیٹ اور بورڈ میں شامل کریں گی۔
اطلاعات کے مطابق تعلیمی ادارے میں کسی بھی سبب ہڑتال کرنا اور تدریسی عمل معطل کرناجرم تصور ہوگا جب کہ ہر تعلیمی ادارے میں ہراسگی سے تحفظ کےلیےکمیٹی بھی قائم کی جائےگی۔
سندھ اسمبلی سے بل منظور ہونے کے بعد طلبہ یونین ایکٹ کی خلاف ورزی، غیرقانونی اور طلبہ مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ڈسپلنری ایکشن کے تحت کارروائی ہوگی۔
مجوزہ بل کے مطابق تعلیمی اداروں میں نفرت انگیز اور پرتشدد سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
خیال رہے کہ طلبہ کی جانب سے رواں ماہ مختلف شہروں میں کیے جانے والے یکجہتی مارچ کے بعد حکومت سندھ نے طلبہ یونین کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ طلبہ تنظیموں کو فعال کرنے کے لیے صوبائی حکومت قانون سازی کر رہی ہے جس کے بعد طلبہ تنظیموں کو سندھ بھر میں فعال کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔