لاہور: ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز ریفرنس، آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا ہے۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جنوری کو نیب سے جواب طلب کیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ن لیگی رہنما نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت کی درخواست دائر کی جس میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سیاسی خاندان سے تعلق ہونے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، غیر سیاسی قوتیں نیب سمیت دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہیں۔