اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کیخلاف دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
وکیل میاں محمد فیصل نے ایڈووکیٹ جہانگیر خان جدون کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں وفاقی وزیر، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور سیکرٹری قانون وانصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ 2018الیکشن کے نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے۔ الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا نے دہری شہریت نہ ہونے کا جھوٹا حلف نامہ جمع کرا کر بدد یانتی کی۔
متن میں درج ہے کہ نامزدگی فارم جمع کرانے کے بعد وفاقی وزیر نے امریکی شہریت چھوڑنے کے لیے اپلائی کیا۔ سپریم کورٹ واضع کر چکی کہ نامزدگی فارم جمع کراتے وقت دہری شہریت چھوڑنے کاسرٹیفکیٹ دینا ضروری ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کو دہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ دینے پر نااہل کیا جائے اور ان کی ممبرشپ فوری معطل کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریکوری کی جائے۔