اسلام آبا:سابق وزیراعظم اور اہم لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نےایل این جی کیس میں درخواست ضمانت دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹرظفراللہ نےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
اپنی درخواست میں لیگی رہنما نے وزارت قانون اور نیب کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک ٹرائل جاری ہے اسلام آباد ہائیکورٹ ضمانت پر رہا کرے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز لیگی رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی ریفرنس میں اپنی درخواست ضمانت دائر کرنے پر رضامند ہوئے تھے، انہیں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے بذریعہ خط درخواست ضمانت دائر کرنے پر قائل کیا تھا۔
یاد رہے کہ ستائیس دسمبر کو شاہد خاقان عباسی نے قانونی ٹیم کو ایل این جی ریفرنس میں ضمانت کی درخواست دائر کرنے سے روک دیا تھا،شاہد خاقان عباسی نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی تھی کہ ابھی ضمانت کی درخواست دائر نہ کریں۔
قانونی ٹیم نے سابق وزیراعظم کو باور کرایا تھا کہ عدالت شیخ عمران الحق اور مفتاح اسماعیل کو رہا کرچکی، آپ ضمانت کے حقدار ہیں، جس پر شاہد خاقان عباسی کا اصرار ہے کہ ایل این جی کیس بےبنیاد ہے، ٹرائل کورٹ ریفرنس خارج کرے۔