جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان نے کوارٹر فائنل میں افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جبکہ بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دن ایک بجے شروع ہو گا۔
اس سے قبل بھی دونوں ٹیمیں گذشتہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ٹکرائی تھیں جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے دونوں ٹیمیں متعدد بار عالمی کپ جیت چکی ہیں۔
قومی ٹیم نے 2004 اور 2006 میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا جبکہ بھارت چار مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر پر سجا چکا ہے۔
دونوں ٹیمیں انڈر 19 ورلڈ کپ میں نو مرتبہ اپنے سامنے آ چکی ہیں، قومی ٹیم نے پانچ جبکہ بھارت چار مرتبہ جیت حاصل کی ہے۔