اسلام آباد: قومی اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کے متن میں کہا گیا ہےکہ یہ تاریخی قرارداد ہے۔
اور پانچ فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں جاری ہیں، سویلین آبادی پر بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیاں جاری ہیں، بھارت میں نسلی پیمانے پر استحصال جاری ہے۔
قرارداد میں کہا گیاہےکہ کشمیر عوام سات دہائیوں سے بھارتی تسلط میں محصور ہیں اور حق خود ارادیت کے لیے 7 دہائیوں سے جدو جہد کر رہے ہیں، خواتین اور بچوں سمیت کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیاہے کہ کشمیر عالمی تنازع ہے اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پہ 1948 سے حل طلب معاملہ ہے، اقوام متحدہ نے حالیہ دنوں میں دو بار کشمیر کا متنازع معاملہ تسلیم کیا لہٰذا کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔
قرارداد میں کہا گیاہےکہ بھارت کی 9 لاکھ فوج نے دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ بنا دیا ہے، 13 ہزار نوجوانوں کو نا معلوم مقامات پر قید رکھا ہوا ہے، پیلٹ گنز کا استعمال ہزاروں کشمیریوں کو زخمی کیا گیا۔