ہالی ووڈ کے لیجنڈاداکار کرک ڈگلس 103برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشہور زمانہ ہالی ووڈ اداکار کرک ڈگلس سینما انڈسٹری میں 6 دہائیاں گزرنے کے بعد 103 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
کرک ڈگلس آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار مائیکل ڈگلس کے والد تھے۔ مائیکل ڈگلس نے ایک بیان میں اپنے والد کے انتقال کی خبر کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
اپنے بیان میں مائیکل ڈگلس کا کہنا تھا کہ میں اور میرے بھائی نہایت افسوس کے ساتھ یہ اعلان کررہے ہیں کہ کرک ڈگلس آج ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے لیے وہ ایک لیجنڈ اور فلموں کے سنہرے دور کے اداکار تھے،
لیکن میرے اور میرے بھائیوں جوئیل اور پیٹر کے لیے وہ بس ایک والد تھے۔کرک ڈگلس 1916 میں نیویارک میں پیدا ہوئے، انہوں نے ہالی ووڈ کے سنہرے دور میں بہت شہرت حاصل کی۔1949 میں باکسنگ پر مبنی فلم ‘چیمپئن’ کے لیے انہیں پہلی مرتبہ آسکرز ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا گیا۔
6 دہائیوں پر مبنی اپنے کیریئر میں کرک ڈگلس نے کئی منفرد کردار نبھائے جبکہ 1960 کی فلم ‘اسپارٹاکس’ میں ان کا کردار آج بھی یادگار ہے۔ کرک ڈگلس کی بہو اور مائیکل ڈگلس کی اہلیہ کیتھرین زیٹا جونس نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر کرک کے ہمراہ ایک تصویر بھی شیئر کی۔
اس تصویر پر انہوں نے اپنے سسر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے ہمیشہ محبت کرتی رہیں گی۔