میرپور آزاد کشمیر:وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم مودی کو خبردار کیا کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں اور اگر انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا تو یہ ان کی آخری غلطی ہوگی۔
میرپور آزاد کشمیر میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس جلسے کا مقصد کشمیریوں کو ایک پیغام دینا ہے
کہ کہ صرف آزاد کشمیر کے عوام نہیں سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے بہت اچھا وقت آنے والا ہے، مودی نے چھ مہینے پہلے جو حماقت کی اور تکبر میں 5 اگست کو جو قدم اٹھایا، اس نے تکبر میں وہ غلطی کی جس کے بعدٖ اللہ پر ایمان رکھ کر پیش گوئی کرتا ہوں کہ اب کشمیر آزاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، کوئی کشمیر کا نام نہیں لیتا تھا،
پاکستان کے سربراہ بھی اس کا نام نہیں لیتے تھے لیکن ان 6 مہینوں میں آج کشمیر دنیا کے سامنے آگیا، اس سے پہلے ہندوستان 50 سال پوری کوشش کرگیا کہ کشمیر انٹرنیشنلائز نہیں ہوگا، بھارت ہمیشہ کہتا تھا کہ یہ دونوں ممالک کا آپس کا مسئلہ ہے۔