بیجنگ: چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 638 تک پہنچ چکی ہے۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 31 ہزار 481 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔جس میں سے ایک ہزار 563 افراد اس بیماری سے نجات حاصل کر چکے ہیں جبکہ 4 ہزار 824 افراد کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے۔
دنیا بھر کے 27 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملیشیاء، جرمنی، تائیوان، ماکاؤ، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فیلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔
دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے سے نمٹنا ہو گا اور اس پر ’مستقل طور پر پابندی عائد کرنا‘ ہو گی۔
خدشہ ہے کہ صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں جانوروں کی مارکیٹ سے اس وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ چین میں حکام کی جانب سے ووہان کو ‘اولین ترجیح’ دی جا رہی ہے اور اضافی طبی عملہ وہاں بھیجا جا رہا ہے