اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سرد رہے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے سردی کی شدت کم ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت میں آج صبح سردی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور درجہ حرارت9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو زیادہ سے زیادہ 17 تک جانے کا امکان ہے۔
صوبہ پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور نارووال میں صبح کے وقت دھند پڑ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہےگا جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی آج موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ چترال، دیر اور مالم جبہ میں مطلع ابرآلود رہے گا۔