وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے کراچی میں غیر قانونی عمارتیں گرانے کا حکم دیا ہے جس پر عمل ہوگا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں شہر سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں شہر کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ہم چیف جسٹس کے شہر کی بہتری کے وژن کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 900 سےزائد غیرقانونی تعمیرات ہیں جنہیں چیف جسٹس نے گرانے کاحکم دیا لہذا احکامات پر عمل ہوگا لیکن اس کے لیے وقت درکار ہے کیونکہ کراچی بڑا شہر ہے مکمل تجاوزات کے خاتمے میں وقت لگے گا۔
صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمارتوں میں مقیم اہل خانہ سے ہمدردی بھی ہے، لوگوں کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے لیکن دوسروں کی جگہوں پر قبضہ بھی صحیح نہیں ہے۔