اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے اسحاق ڈار کے گھر کو لنگر خانے میں تبدیل کرنے کی شدید مخالفت کی ہے جب کہ (ن) لیگ کے جاوید عباسی نے کہا ہےکہ اسحاق ڈار کے گھر لنگر خانہ کھولا ہے تو مشرف کے گھر بھی کھولیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کو لنگر خانے میں تبدیل کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔
مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی نےکہا کہ اسحاق ڈار ابھی تک سینیٹر ہیں، ان کےگھر میں لنگر خانہ کھول دیا، یہ حکومتی اداروں نے کیا ہے، اگر یہی کرنا ہے تو پھر پرویز مشرف کے گھر بھی کردیں، یہ سیاسی انتقام ہے،کل کسی کے گھر بھی چلے جائیں گے۔
(ن) لیگ کی کلثوم پروین کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے ممبر جس پر الزامات ثابت نہیں ہوئے ان کےگھر لنگر خانہ بنا دیا،ایسے اقدامات ظالم سے ظالم شخص بھی نہ کرسکے۔