بیجنگ: چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رہے۔ وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1115 ہو گئی۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ چین کا شہر ووہان متاثر ہے جہاں سے وبا پھیلنے کا آغاز ہوا۔ چین میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹے کے دوران 97 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہانگ کانگ اور فلپائن میں بھی ایک ایک مریض ہلاک ہوا۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 45 ہزار 171 تک پہنچ گئی۔
کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں سے 4 ہزار 794 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم اب بھی 39 ہزار 262 افراد دنیا بھر میں زیر علاج ہیں جس میں سب سے زیادہ تعداد چین کے شہریوں کی ہے۔
وائرس سے متاثر 8 ہزار 216 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صرف چین میں 2 ہزار سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں لائے گئے۔ چین کے بعد دوسرے نمبر پر جاپان کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 203 ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو بیماری قرار دیتے ہوئے اس کا نام (Covid 19) رکھ دیا ہے۔
دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس کی ویکسن تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
دنیا بھر کے 28 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں چین، جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملائشیاء، جرمنی، تائیوان، ماکاؤ، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔