راولپنڈی:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ہم پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کو نہیں مانتے اور دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جب کہ گرفتار ہوا تو آصفہ بھٹو میری آواز ہوگی۔
نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب ٹیم سے تفصیلاً گفتگو ہوئی اور انہوں نے سوالنامہ بھی دیا،
سب کو پتا ہےکہ ایک سال سے پہلے چیف جسٹس نے خود کہا تھا بلاول بے گناہ ہیں لیکن میں نے اس کے باوجود خود کو نیب کے سامنے پیش کیا، تین مرتبہ پہلے میں بھی جواب دے چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیب کو کوئی اعتراضات نہیں تھے، اچانک پتا نہیں دسمبر میں کیا ہوا جب پہلا نوٹس بھیجا گیا،
جب کراچی میں ہم نے مارچ سے ملک میں معاشی صورتحال اور پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تو فوری نیب کا نوٹس آگیا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی اور اداروں کا احترام کرتے ہیں، صحیح اور غلط میں بھی ان کا احترام کرتے ہیں،
اس لیے اعتراض کے باوجود نیب میں پیش ہوا جب کہ جے آئی ٹی کے اپنے وکیل نے مان لیا ان کی تجاویز غلط ہیں۔