کراچی کے علاقے کیماڑی میں پر اسرار زہریلی گیس پھیلنے کے سبب 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد متاثر ہو چکے ہیں جنہیں شہر کے مختلف اسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر صوبائی قیادت نے واقعہ پر افسوس کا اظہار اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پر اسرار گیس سے ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین، 1 بچہ اور 3 مرد شامل ہیں۔ ہلاک شدگان کی شناخت معمار بی بی، یاسمین، رضوان، عظیم اختر، احسن اور رابش کے نام سے ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کے مطابق تا دم تحریر زہریلی گیس پھیلنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا اور جب تک وجوہات سامنے نہیں آتیں پریشانی رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ زہریلی گیس سے سانس کی بیماری کےمریض زیادہ متاثرہوئے ہیں۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ زہریلی گیس کے سبب متعدد افراد کی ہلاکت اور درجنوں کا بے ہوش ہونا تکلیف دہ صورت حال ہے اور ابھی تک درست وجوہات حاصل نہ ہونا تشویشناک بات ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وجوہات معلوم کرکے ذمہ داری کا تعین ہونا چاہئے۔