اسلام آباد:سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گتریس نے اعتراف کیا ہے کہ افغان مہاجرین سے متعلق پاکستان کی خدمات کے مقابلے میں عالمی تعاون محدود ہے،وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کا ساتھ دے۔
تفصیلات کے مطابق افغان پناہ گزینوں کی پاکستان میں موجودگی کے چالیس سال مکمل ہونے پر دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے۔
پاکستان کے دورے پر موجود سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گتریس نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چالیس سال سے
افغان عوام مسائل کا شکار ہیں جبکہ اسی عرصے میں پاکستان نے مہاجرین کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھے۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران دنیا بھر میں مہاجرین کے بڑے میزبان ملک ہیں،پاکستان کی فراخ دلی دہائیوں پر محیط ہے اور ہم پاکستان کے افغان مہاجرین کو رجسٹرڈ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔
اپنی تقریر میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گتریس نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے اپنے اندرونی مسائل کے باوجود مہاجرین کے لئے مثبت اقدامات کئے مگر پاکستان کی خدمات کے مقابلے میں عالمی تعاون محدود ہے اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کا ساتھ دے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے حق میں ہے،انتونیو گوتیریس نے اپنے خطاب کا آغازالسلام علیکم سے جبکہ اختتام شکریہ کے ساتھ کیا۔