اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں لڑائی ہمارے مفاد میں نہیں، جب تک تمام مہاجرین واپس نہیں جاتے سرحدپار دہشت گردی روکنا مشکل ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ دو روزہ افغان مہاجرین سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20سال پاکستانی عوام کے لیے معاشی طور پر مشکل ترین رہے
لیکن مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔ پاکستان معاشی عدم استحکام سے دوچار رہا اور ہم آج بھی متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔
ترقی یافتہ ممالک میں چند ایک کے سوا کوئی مہاجرین کو پناہ دینے کے لیے تیا ر نہیں۔ کوئی بھی ملک مشکل حالات میں مہاجرین نہیں چاہتا لیکن پاکستان نے یہ اقدام اٹھایا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور اس کے تمام افغان امن عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور وہاں امن کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی پہلی ہجرت ہمارے باہمی تعلقات کی بنیاد ہے، ہمارے آخری پیغمبرﷺنے اتحاد اور انسانی ہمدردی کا درس دیا۔